امریکہ ۔ کینیڈا سرحد پر چار ہندوستانیوں کی نعشیں

   

ٹورنٹو : امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ایمیرسن مانیٹوا کے قریب سرحد پر چار ہندوستانیوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں ایک شیرخوار اور ایک نوجوان شامل ہیں۔ حکام کو شبہ ہیکہ شدید سردی اور برفباری میں سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران ان کی موت واقع ہوئی ہے۔ یہ شبہ کیا جارہا ہیکہ یہ انسانی اسمگلنگ کا نتیجہ ہے۔ رائل کینیڈین پولیس نے بتایا کہ امریکی کسٹمس اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے بعض افراد کے گروپ کو حراست میں لیا ہے جو کینیڈا سے امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے چار گھنٹے بعد پولیس آفیسرس نے تلاشی شروع کی اور انہیں کینیڈا کے سرحدی علاقہ میں تین نعشیں برآمد ہوئیں۔ مزید نعشوں کے شبہ میں تلاشی میں شدت پیدا کی گئی جنہیں ایک اور مرد کی نعش برآمد ہوئی۔ مینی سوٹا کے امریکی اٹارنی آفس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کو کینیڈا کی سرحد کے اندرونی علاقہ میں پانچ ہندوستانیوں کو دیکھا گیا۔ وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے دونوں ممالک کے سفارتکاروں سے فوری تفصیلات فراہم کرنے کو کہا ہے۔