نیویارک ۔ ٹی20 ورلڈکپ کے امریکہ اور کینیڈا کے میچ میں 10 مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ایکشن میں تھے۔ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 7، پاکستان سے تعلق رکھنے والے 3 کھلاڑی اس مقابلے میں موجود تھے۔ امریکی ٹیم میں شامل علی خان، کینیڈا کے کلیم ثناء اور سعد بن ظفر پاکستان میں پیدا ہوئے۔ امریکی اسکواڈ میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے کورے اینڈرسن بھی شامل ہیں۔ امریکہ کی فائنل الیون میں شامل صرف 3 پلیئرز امریکہ میں پیدا ہوئے، اسٹیون ٹیلر، آرون جونز اور جسدیپ سنگھ امریکہ میں پیدا ہوئے تھے، امریکی ٹیم کے شیڈلے وین شیلویک اور آندریاس گوز جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے۔ موننک پٹیل، ہرمیت سنگھ اور سورابھ نیتراولکارکا تعلق ہندوستان سے ہے، امریکہ کی فائنل الیون میں کینیڈا میں پیدا ہونیوالے نتیش کمار بھی شامل تھے۔ کینیڈا کی فائنل الیون میں شامل کوئی کھلاڑی کینیڈا میں پیدا نہیں ہوا۔ نونیت دھالیوال، پرگت سنگھ، شریاس مووا اور دلپریپ باجوا ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ نکھل دت کویت، آرون جونسن جمیکا جبکہ نکولزکرٹن بارباڈوس سے ہیں۔ کینیڈا اسکواڈ میں شامل ڈلون ہیلنگر اور جرمی گارڈون گیانا سے تعلق رکھتے ہیں۔