امریکہ 2026ء میں G20 کی میزبانی کرے گا

   

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی اردو بولنے والی ترجمان، مارگریٹ میکلیوڈ کا اعلان، نمائندہ سیاست کو انٹرویو

ایس ایم بلال
نئی دہلی ۔ 9 ستمبر ۔ امریکہ کی جانب سے 2026ء میں G20 کی میزبانی کی جائے گی۔ یہ بات دنیا بھر میں ہندی اور اردو بولنے والوں کیلئے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان مارگریٹ میکلیوڈ نے بتائی۔ روزنامہ سیاست کے نمائندہ کو اردو میں دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ G20 ایک معاشی فورم ہے اور اس کانفرنس سے اس کے رکن ممالک کو مجموعی معاشی ترقی کیلئے فائدہ ہوسکتاہے۔ ماگریٹ نے مزید کہا کہ ہند۔ امریکی باہمی تعلقات میں گذشتہ چند برسوں میں مضبوطی آئی ہے۔ امریکہ، ہندوستان کا احترام کرتا ہے کیونکہ یہ ایک بڑی جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس۔ یوکرین جنگ کے باعث عالمی سطح پر افراط زر کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ہندوستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور امریکہ اس کی مدد کرتا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں بشمول نئی ٹکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، تعلیم اور اسٹوڈنٹ موبلٹی میں امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ہورہی شراکت داری اور اشتراک پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ مارگریٹ نے کہا کہ ’’ہندوستان کے طلبہ، الوالعزمی اور امنگوں کو دیکھتے ہوئے امریکہ ہندوستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے‘‘۔ ایک سیزنڈ فارن سرویس آفیسر، مارگریٹ ماکلیوڈ نے مختلف اوورسیز عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں بشمول ہندوستان، پاکستان اور جاپان میں امریکی مشن میں رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے انہیں تفویض کردہ ملکی ذمہ داریوں کو بھی نبھایا ہے جہاں انہوں نے انٹرنیشنل سیکوریٹی اینڈ نان ۔ پرولائفریشن، انٹرنیشنل آرگنائزیشنس میں کام کیا ہے۔ اس صلاحیت میں انہوں نے ان لسانی کمیونٹیز کو امریکہ کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کو مؤثرانداز میں پہنچائی ہیں۔ امریکہ نے 2026ء میں G20 کا شاندار ایونٹ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے کیونکہ پہلا G20 اجلاس 2008ء میں واشنگٹن میں منعقد ہوا تھا۔