امریکہ : 7ماہ میں 10لاکھ غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

   

واشنگٹن : امریکہ میں 7ماہ کے دوران حکومت نے 10لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریاست میکسیکو کی سرحد سے غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والوں کی ریکارڈ گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا جاتا تو رواں سال ستمبر تک گرفتار مہاجرین کی تعداد 17 لاکھ تک پہنچ سکتی تھی۔ ادھر نائب صدر کملا ہیرس میکسیکو کی سرحد پر پہنچ گئیں اور انہوں نے الپاسو شہر میں سرحدی انتظامات کا جائزہ لیا۔ سرحد پر قائم سیکورٹی محکمہ کے دفتر کے دورہ کے موقع پر انہوں نے مقامی عہدے داروں سے بات چیت بھی کی۔ امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں شروع کی گئی سرحد ی دیوار کی تعمیر بھی صدر جوبائیڈن نے رکوادی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اجازت ملنے کے بعد 13 ہزار 900 بچوں نے سرحد کو عبور کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غربت، پرتشدد واقعات، بھوک، عدم تحفظ اور دیگر وجوہات کی بنا پر پرلوگ تیزی سے امریکہ میں آرہے ہیں۔