واشنگٹن : امریکی حکومت نے دہشت گردی کے سنگین خطرات سے خبردار کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکہ میں نائن الیون کے حملوں کو 20سال پورے ہونے آ رہے ہیں۔ اس سے قبل وزارت داخلہ نے جنوری میں انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں جاری یادداشت میں ترمیم کی تھی۔ یہ ترمیم سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کانگریس کی عمارت پر حملہ کے بعد سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد رواں سال مئی میں بھی اس یادداشت میں ترمیم کی گئی۔ اس کا مقصد طبی قیود ختم ہونے کی صورت میں مخالفین کو اس کا فائدہ اٹھانے سے روکنا تھا۔ وزارت کی ترمیم شدہ یادداشت میں واضح کیا گیا کہ 9/11 کے حملوں کی آیندہ برسی سے قبل القاعدہ تنظیم نے انسپائر جریدے کا پہلا انگریزی ایڈیشن شائع کیا ہے۔ تنظیم کا یہ جریدہ 4سال سے اپنے مقصد کے لیے سے کام کر رہا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ امر اس بات کی دلیل ہے کہ دہشت گرد تنظیموں نے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں ، تا کہ امریکہ میں موجود ہم خیال لوگوں کو نظریاتی تعلیم دی جاسکے۔