نیویارک : امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی جانب سے افغانستان میں چند روز قبل امریکی حملے کے حوالے سے ایک تحقیقی رپورٹ جاری کی گئی، جو امریکی فوج کی بیان کردہ کہانی سے متضاد ہے۔ اخبار کے مطابق امریکی حملہ کے نتیجے میں دھماکہ خیز کار کے اندر موجود داعش تنظیم کا دہشت گرد ہلاک نہیں ہوا، بلکہ اس کارروائی میں ایک غیر سرکاری تنظیم کا کارکن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ یہ شخص پانی کے کین لے کر جا رہا تھا۔ امریکی فوج نے 29 اگست کو ایک فضائی حملے میں ایک گاڑی کو تباہ کر دیا تھا۔ امریکی فوج کے دعوے کے مطابق یہ گاڑی گولا بارود سے بھری ہوئی تھی۔ فوج نے باور کرایا کہ اس طرح کابل کے ہوائی اڈے پر داعش تنظیم کی دھماکے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ گاڑی چلانے والے شخص ازمری احمدی کے گھرانے نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حملے میں 10 افراد مارے گئے، جن میں زیادہ تر بچے تھے۔