امریکی اسٹوڈنٹ ویزاکی اجرائی میں ہندوستانی طلبہ کو ترجیح: جنیفر لارسن

   

دونوں ممالک کے رشتوں میں استحکام، امریکہ کی یوم آزادی تقاریب، بھٹی وکرامارکا اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں امریکہ کے کونسل جنرل جنیفر لارسن نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں دن بہ دن استحکام ہوا ہے اور ہندوستان اور امریکہ کئی شعبہ جات میں باہمی تعاون کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ جنیفر لارسن امریکہ کے 248 ویں یوم آزادی موقع پر حیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ امریکی کونسلیٹ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا مہمان خصوصی تھے۔ جنیفر لارسن نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دنیا کی دو عظیم جمہوریتیں ہیں اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ رشتوں میں مضبوطی اور استحکام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو زبان امریکہ میں کافی پھیل چکی ہے کیونکہ تلگو ریاستوں کے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے شہر ہیوسٹن اور حیدرآباد میں کافی یکسانیت ہے اور دونوں مقامات پر مندر، مسجد اور چرچ دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستانیوں کو اسٹوڈنٹ ویزا کی اجرائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے جاری کردہ اسٹوڈنٹ ویزا میں تقریباً 40 فیصد تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے امریکی ویزا کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں میں 10 فیصد کا تعلق ہندوستان سے ہوتا ہے۔ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سے اعلیٰ تعلیم کیلئے زائد طلبہ امریکہ کا رُخ کرتے ہیں۔ جاریہ سال ہندوستان میں 28 ہزار جاب ویزا، 99 ہزار ٹورازم ویزا اور 34 ہزار اسٹوڈنٹ ویزا جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ویزا کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹوڈنٹ ویزا کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ کونسل جنرل نے حالیہ عام انتخابات پر ملک کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حیدرآباد میں کئی امریکی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی ہے۔ امریکہ کے بعد امریکی کمپنیوں کا کیمپس حیدرآباد میں موجود ہے۔ جنیفر لارسن نے کونسلیٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مشن چندریان نے 2023 میں کامیابی حاصل کی جبکہ امریکہ نے 1969 میں چاند پر قدم رکھا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے یوم آزادی امریکہ کی تقاریب میں مدعو کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکی عوام کے ساتھ خوشیوں میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلگو ریاستوں کے طلبہ امریکہ کا رُخ کرکے اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں جس سے ان کا مستقبل تابناک ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے درمیان روابط میں مسلسل استحکام ہوا ہے۔ تقریب میں امریکی سفارتخانہ نئی دہلی کے ڈیفنس اٹاچی مائیکل ایل بیکر نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے تقریب میں شرکت کی۔1