امریکی افواج نے فضا میں موجود ایک نامعلوم چیز مار گرائی

   

واشنگٹن : امریکی فوج نے صدر جو بائیڈن کے حکم پر ریاست الاسکا کے اوپر کافی بلندی پر نظر آنے والی ایک نامعلوم چیز کو مار گرایا ہے۔ دو ہفتوں کے دوران امریکی فضائی حدود میں اسے دوسری غیر ملکی در اندازی بتایا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے 10 فروری جمعہ کے روز بتایا کہ ریاست الاسکا میں ایک امریکی جنگی طیارے نے فضا میں کافی بلندی پر موجود ایک اور نامعلوم چیز کو مار گرایا۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب امریکی جیٹ طیاروں نے اپنی فضائی حدود میں ایک نامعلوم شہ کو ہدف بنایا۔ یہ شہ 12,200 میٹر کی بلندی پر پرواز کر رہی تھی اور بتایا جاتا ہے کہ یہ کینیڈا کی سرحد کے قریب ریاست الاسکا کے شمال مشرقی ساحل سے کافی دور امریکی پانیوں میں گری۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسے جمعرات کو دیر گئے رات میں اس نامعلوم چیز کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر جو بائیڈن نے، فوج کو اس چیز کو مار گرانے کا حکم دیا تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا، جب پنٹگان نے چار فروری کو بحر اوقیانوس کے اوپر فضا میں موجود ایکچینی جاسوس غبارے کو مار گرایا تھا۔