امریکی الیکٹرک موٹر ساز کمپنی کا ہندوستان میں ریسرچ یونٹ

,

   

سرمایہ کاری کے فیصلہ کو قطعیت ، پانچ ریاستوں کی نشاندہی
حیدرآباد۔ امریکی الیکٹرک موٹر کار کمپنی جاریہ سال کے دوران ہندستان میں اپنے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے مرکز کا قیام عمل میں لائے گی۔امریکی لگژری الکٹرک موٹر کاروں کی تیاری میں اپنا منفرد مقام رکھنے والی کمپنی TESLA نے ہندوستان میں قدم جمانے کا اعلان کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جاریہ سال کے اختتام سے قبل کمپنی کی جانب سے آر اینڈ ڈی مرکز کے قیام کو قطعیت دے دی جائے گی۔ کمپنی کے ذرائع کا کہناہے کہ ہندوستان میں کمپنی کی جانب سے 5 ریاستوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان ریاستوں کے ذمہ داروں سے کمپنی کے نمائندوں کی جانب سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔5 ریاستوں سے TESLA کے ذمہ دار مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں ان میں پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے علاوہ دیگر 4ریاستیں شامل ہیں جو کہ کمپنی کی سرمایہ کاری کے حصول میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر نتن گڈکری نے بھی اس بات کی توثیق کردی ہے کہ ہندوستان میں TESLA اپنے آر اینڈ ڈی کے علاوہ پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور جاریہ سال کے دوران کمپنی کے آراینڈ ڈی مرکز کا قیام عمل میں آجائے گا۔بتایا جاتاہے کہ TESLA کی جانب سے ہندستان میں سرمایہ کاری کے فیصلہ کو قطعیت دی جاچکی ہے لیکن کس ریاست میں آر اینڈ ڈی ہوگا اور کس ریاست میں کمپنی اپنا کاروں کی تیاری کا پلانٹ قائم کرے گی اس بات کو قطعیت نہیں دی گئی ہے لیکن مرکزی حکومت کے ذرائع کے مطابق TESLA جو کہ الکٹرک کاروں اور ماڈل 3 کاروں کی تیاری کرنے والی کمپنی ہے اس کمپنی کے پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں کئی ریاستوں کی جانب سے دلچسپی دکھائی جارہی ہے لیکن کمپنی کے ماہرین کی جانب سے مشاورت کے علاوہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا قطعی فیصلہ کرے گی۔