واشنگٹن : امریکی خلا باز نے انتخابات کے دوران خلاء سے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔انٹرنیشنل اسپیس سینٹر کی کریو ممبر امریکی خاتون خلا باز کیٹ ریوبنس نے امریکی انتخابات میں خلا سے حصہ لیا اور اپنا ووٹ استعمال کیا۔امریکی خاتون خلا باز نے امریکی صدارتی انتخابات میں زمین سے 408 کلو میٹر بلندی میں خلا سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس کی تصدیق امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ناسا کے مطابق خاتون خلا باز نے اپنا 6 ماہ کا مشن ایک ہفتے قبل ہی شروع کیا ہے اور انہوں نے اس دوران خلا سے ووٹ دیا۔ناسا کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خاتون کی ووٹ کاسٹ کرنے سے قبل کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صفر کشش ثقل کے ماحول میں موجود خلا باز ایک بوتھ کے پاس کھڑی ہیں جس پر لگے ایک پرچے پر آئی ایس ایس یعنی انٹرنیشنل اسپیس سینٹر ووٹنگ بوتھ لکھا ہواہے۔ناسا اور خاتون خلا باز نے خلا سے ووٹ دینے کے اس عمل کو غیر حاضر ووٹنگ قرار دیاہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خلاء سے ووٹنگ کے لیے ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر ہیوسٹن کی جانب سے ایک محفوظ الیکٹرانک بیلٹ بنایا گیا ہے جس کے ذریعے خاتون خلا باز نے ای میل میں اس الیکٹرانک بیلٹ کے لنک سے اپنا ووٹ استعمال کیا۔خاتون خلاباز کی جانب سے خلا سے ووٹنگ کے عمل کا یہ تجربہ پہلی مرتبہ نہیں بلکہ کیٹ ریوبنس 2016 میں بھی انٹرنیشنل اسپیس سینٹر سے اپنا ووٹ استعمال کرچکی تھیں۔
