واشنگٹن : سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ واحد امریکی صدر ہیں جن کا دو بار مواخذہ کیا گیا ہے اور وہ واحد صدر ہیں جنہیں فوجداری جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا۔ انہیں جیل کی ممکنہ سزا اور مزید دو فرد جرم کا سامنا ہے، جن دونوں میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے2020 کے انتخابات میں اپنی شکست کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی۔لیکن ٹرمپ، جو اب 78 سال کے ہیں، مسلسل تیسرے صدارتی االیکشن کے لیے نامزد ریپبلکن صدارتی امیدوار ہیں۔ ٹرمپ نے جمعرات کی شب کو ریپبلکن نیشنل کنونشن میں اس نامزدگی کو قبول کرلیا ہے۔اور وہ نومبر میں صدارتی انتخاب میں، وائٹ ہاؤس میں دوسری، غیر مسلسل، چار سالہ مدت کے لیے منتخب ہونے والے دوسرے امریکی صدر بن سکتے ہیں۔1800 کی دہائی کے اواخر میں گروور کلیولینڈ کے یہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سے کوئی اور اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ڈیموکریٹس ٹرمپ کو پسند نہیں کرتے لیکن ٹرمپ کے لاکھوں حامی ان سے محبت کرتے ہیں جنہوں نے 2016 میں امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کے ان کے وعدے پر انہیں ووٹ دیا تھا۔ ان میں سے بہت سے لوگ اب بھی ان کے اس غلط دعوے پر یقین رکھتے ہیں کہ، تمام عدالتی نتائج کے برعکس، چار سال قبل دوسری مدت کے لیے انتخاب میں ان سے دھوکہ کیا گیا تھا۔