امریکی انتخابی ڈرامہ : ٹرمپ کے عاملانہ اقدامات اور بائیڈن کی تیاریاں جاری

,

   

بیجنگ/ واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات کے انعقاد کے بعد 10 یوم گزرچکے ہیں لیکن ابھی تک قطعی نتیجہ کے بارے میں ڈرامائی حالات جاری ہیں۔ عالمی برادری نے نئے صدر منتخب جوبائیڈن کے انتخاب کو قبول کرتے ہوئے انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اور وہ نئے نظم و نسق کی تشکیل کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں ویٹوپاور کے حامل چین نے ابتدائی پس و پیش کو ترک کرتے ہوئے بائیڈن اور ان کی نائب کملا ہیرس کو 2020ء کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ بیجنگ امریکی عوام کی پسند کا احترام کرتا ہے۔ دریں اثناء اعلی امریکی انتخابی حکام نے دوٹوک انداز میں کہا کہ 3 نومبر کا الیکشن امریکی تاریخ کے نہایت محفوظ انتخابات میں سے ہے لیکن شکست خوردہ ڈونالڈ ٹرمپ کا سرکش رویہ جاری ہے اور انہوں نے ایک عاملانہ حکم نامے کے ذریعہ 31 چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری سے روک دیا ہے۔ سابق صدر اوباما نے بھی کہا کہ ٹرمپ کا ووٹنگ میں دھوکے کا دعوی جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔