مقبوضہ بیت المقدس : ایک اسرائیلی F-15 لڑاکا طیارے نے امریکی بمبار طیارے کیساتھ خطے کی فضا میں پرواز کی۔ یہ پرواز ایران کیلئے خطرہ کا واضح پیغام ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ پرواز خطے میں امریکی افواج کیساتھ جاری آپریشنل تعاون کی علامت ہے۔ اسرائیل اور امریکی افواج کے بمبار طیاروں کی مشترکہ پرواز کا مشن اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی اور امریکی حکام تہران کے نیوکلیئر پروگرام کیخلاف کارروائی کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے پرواز کی تصاویر اور وڈیو فوٹیج جاری کی ہیں جس میں امریکی بی ون بمبار کو دکھایا گیا ہے۔ یہ بمبار طیارہ بھاری بنکر کو تباہ کرنے والے بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایران کی زیر زمین دبی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے کی صورت میں اس طیارے کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسرائیلی حکام کھلے عام ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر فوجی حملے کی دھمکی دیتے ہیں، جبکہ امریکی حکام تہران کے نیوکلیئر عزائم کو روکنے کیلئے سفارتی مذاکرات کے علاوہ دوسرے آپشنز کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملے پر زیادہ محتاط انداز میں بات کرتے ہیں۔