امریکی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر پر ’بلا وجہ‘ حملہ

   

واشنگٹن : 4جولائی ( ایجنسیز ) امریکی شہر فلاڈیلفیا سے میامی جانے والی فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز میں انڈین نژادامریکی شہری ایک مسافر پر اچانک حملہ آور ہو گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کر لیا گیا۔اخبار نیو یارک پوسٹ کے مطابق 21 سالہ ایشان شرما نامی شخص نے ’بغیر کسی وجہ کے‘ اپنے ساتھی مسافر پر حملہ کیا۔پرواز کے دوران ہی مسافر کیونو ایوانز نے جواب میں ایشان شرما کو مارا پیٹا جس کے نتیجہ میں ان کی آنکھ اور چہرے پر زخم آئے۔نیو یارک پوسٹ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فلائٹ نے فلاڈیلفیا ایئرپورٹ سے اڑان بھری تو ایشان شرما نے اگلی سیٹ پر بیٹھے مسافر پر حملہ کر دیا۔موبائل فون پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو مسافر ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہیں جبکہ دیگر مسافر اور عملہ انہیں چھڑانے کی کوشش کر رہا ہے۔