نئی دہلی ۔12 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام )امریکی سفارتخانہ واقع دہلی نے آج اسٹوڈنٹ ویزا ڈے کا اہتمام کیا تاکہ ہندوستان سے امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی ویزا درخواستوں کا جائزہ لیا جاسکے ۔ اس موقع پر دہلی میں امریکی ایمبیسی اور اس کے چار قونصل خانوں واقع چینائی ، حیدرآباد، کولکاتہ اور ممبئی نے ہندوستانی طلبہ کی ویزا درخواستوں کی تنقیح کی ۔ یہ تمام طلبہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ایمبیسی اور چاروں قونصل خانوں نے زائد از 4,000 ہندوستانی اسٹوڈنٹس کی میزبانی کرتے ہوئے اُنھیں مختلف نکات سے واقف کروایا ۔ صرف دہلی سے ہی 1,100 طلبہ ایمبیسی پہونچے۔ عہدیداروں نے اپنے رسمی لباس کو ترک کرتے ہوئے کالج شرٹس پہنے تاکہ اسٹوڈنٹس کے ساتھ گھل مل کر اُن کے لئے بہتر ماحول فراہم کرسکیں۔ 2018 ء میں زائد از 1,96,000 ہندوستانی اسٹوڈنٹس اعلیٰ تعلیم کے مختلف امریکی اداروں میں داخلہ لئے تھے جو ایک دہا قبل کی تعداد سے دوگنی ہے ۔ چین کے بعد ہندوستان اس معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے ۔
