امریکی ایوانِ نمائندگان میں اسرائیل کیلئے فوجی امداد کی منظوری

,

   

واشنگٹن : امریکی ایوانِ نمائندگان نے اسرائیل کیلئے تقریباً ساڑھے 14 ارب ڈالر کے فوجی امدادی پیاکیج کی منظوری دے دی ہے۔ اسپیکر مائیک جانسن نے ایوانِ نمائندگان کے اجلاس کے دوران معمول کے اصولوں سے ہٹ کر ری پبلکن پارٹی کی جانب سے پیش کردہ بل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی امداد کے طور پر منظور کی جانے والی رقم کو کہیں اور سرکاری اخراجات میں کٹوتیاں کرکے پورا کیا جائے لیکن صدر بائیڈن نے کہا ہیکہ وہ اس بل کو ویٹو کر دیں گے جسے ایوان میں 196 ووٹوں کے مقابلے میں 226 ووٹوں سے منظور کیا گیا ہے۔ایوان کے ری پبلکن اسپیکر جانسن نے کہا کہ امدادی پیاکیج اسرائیل کو اپنے دفاع، جنگجو فلسطینی گروپ کے خاتمے اور ان لوگوں کو آزاد کرانے کیلئے مددگار ثابت ہو گا جنہیں حماس نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ان کے بقول، اس طرح ہم ایک جانب تو یہ سب کامیابیاں حاصل کریں گے اور دوسری جانب ہم ذمہ دارانہ اخراجات کو یقینی بنانے اور وفاقی حکومت کا حجم چھوٹا کرنے کیلئے کام کریں گے۔دوسری جانب ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان سے منظور ہونے والے بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہیکہ اس طرح اسرائیل کی مدد میں تاخیر ہو گی۔