واشنگٹن ۔ امریکی بحریہ نے سمندر میں پانی کے نیچے ایک پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہونے والی ایٹمی آبدوز کے تین اعلیٰ ارکان کو برطرف کر دیا ہے۔ کمانڈر کیمرون الجیلانی اور دیگر دو کو متنازعہ جنوبی بحیرہ چین میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کے بعد ہٹا دیا گیا تھا۔ یو ایس ایس کونیٹیکٹ گزشتہ ماہ ایک چٹان سے ٹکرا گئی تھی، جس کی وجہ سے اسے ایک ہفتہ کے لیے سطح سمندر پر آنا پڑا اور بالاخر اسے گوام کے امریکی علاقے میں لے جایا گیا۔ بحریہ حکام کا کہنا ہے کہ عملے کے ارکین تصادم کو ’روک سکتے تھے۔ گذشتہ ہفتہ بحریہ نے کہا تھا کہ آبدوز سطح کے نیچے گشت کے دوران ایک نامعلوم ’سی ماؤنٹ‘ یا سمندری چٹان سے ٹکرا گئی تھی۔ اس حادثے میں پندرہ سیلروں یا ملاحوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ آبدوز کے نقصان کی فی الحال بحرالکاہل میں واقع گوام جزیرے میں جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور اس کے بعد اسے مرمت کے لیے واشنگٹن واپس لایا جائے گا۔ یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا تھا۔