امریکی بحری ناکہ بندی سے ہم پریشان نہیں:ایرانی نائب صدر

   

تہران، 25 نومبر (یواین آئی): ایران کے نائب صدر اول محمد رضا عارف نے امریکی بحری ناکہ بندی کے اثرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو اس سے کوئی تشویش نہیں اور ملک میں بنیادی اشیائے ضروریہ کے ذخائر اچھی حالت میں ہیں، جبکہ منڈیوں میں اشیا کی وافر فراہمی موجود ہے ۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی معیشت امریکی بحری ناکہ بندی اور مغربی پابندیوں کے باعث شدید دباؤ کا سامنا کر رہی ہے ۔ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق محمد رضا عارف نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو امریکی بحری ناکہ بندی کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جنوبی سرحدوں کے علاوہ دیگر سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے بنیادی اشیا کی ان لوڈنگ اور کلیئرنس میں نمایاں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران ناکہ بندی سے پریشان نہیں ہے ۔عارف نے مارکیٹ ریگولیشن کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ ملک میں بنیادی اور اسٹریٹجک اشیا کے ذخائر اچھی حالت میں ہیں اور منڈیوں میں رسد کی فراوانی ہے ۔ انہوں نے ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو کم از کم تین ماہ تک بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو روکے ۔ انہوں نے قیمتوں پر قابو پانے اور منڈیوں کا استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایرانی کرنسی نے منگل کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی اور اس کی قدر 279 ہزار تومان فی ڈالر تک پہنچ گئی۔ یہ صورتحال ایران کو درپیش معاشی مشکلات، بلند افراط زر اور مالی عدم توازن کی عکاسی کرتی ہے ، جس کے اثرات عوام کی قوت خرید، پیداواری شعبے اور مجموعی معاشی سرگرمیوں پر پڑ رہے ہیں۔