امریکی عوام کو بہت جلد معمول کی زندگی گزارنے کا موقع دینے صدر ٹرمپ کا وعدہ
واشنگٹن : کورونا وائرس کے اثرات سے امریکی معیشت کمزور پڑجانے کا اعتراف کرتے ہوئے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے وعدہ کیا کہ امریکیوں کی زندگی پھر سے معمول پر لائی جائے گی ۔ صدر ٹرمپ نے پیشن گوئی کی کہ آنے والا سال امریکہ کی تاریخ میں عظیم تر معاشی سال ہوگا ۔ امریکی معیشت کورونا وائرس کے اثرات سے بہت جلد نکل کر مستحکم ہوجائے گی ۔ کورونا کی وجہ سے معاشی سست رفتاری پیدا ہوئی ہے ۔ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ٹرمپ کو ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبیڈن سے سخت چیالنج کا سامنا ہے ۔ /3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ٹرمپ اور جوبیڈن کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہوگی ۔ کووڈ۔19 وباء سے نمٹنے ، معاشی صور تحال کو بہتر بنانے ، نسلی کشیدگیوں کے درمیان ہونے والے صدارتی انتخابات ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے سخت آزمائش کی گھڑی ہیں ۔ انہوں نے اریزونا نے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی تاریخ میں آنے والا سال عظیم تر معاشی سال ہوگا ۔ میں جو کچھ کہہ رہا ہوں وہ یقینی طور پر ہوکر رہے گا ۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2,20,119 ہوگئی ہے ۔ زائد از 8.2 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سال کے اوائیل میں ہی 22 ملین افراد بے روزگار ہوگئے لیکن اب 11 ملین افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے ۔ بجٹ خسارہ بھی سب سے زیادہ تھا ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کورونا کی وجہ سے امریکہ کی معیشت کو دھکا لگا ہے لیکن میں امریکیوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ آنے والے سال میں انہیں خوشیاں نصیب ہوں گی ۔ صرف 7 ماہ ہی سخت ترین گزرے ہیں ۔ بہت جلد راحت نصیب ہوگی ۔ کسی کو بھی تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔
