امریکی تہوار ‘بلیک فرائیڈے’ افریقہ میں اپنے انداز سے منایا گیا

   

واشنگٹن ۔یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تھینکس گونگ بھول جائیں۔ افریقہ میں صارفین ٹرکی ڈنر اور اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی روایت درگزر کر سکتے ہیں۔ لیکن، وہ ایک دن بعد ہونے والی خریداری کے جشن میں بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔مارکیٹنگ ویب سائٹ ‘بلیک فرائیڈے گلوبل’ کے ایک اندازے کے مطابق، فروخت کے اعتبار سے براعظم افریقہ کی دو سب سے بڑی معیشت والے ملکوں یعنی نائجیریا اور جنوبی افریقہ پیش پیش ہیں۔نائجیریا میں بلیک فرائیڈے سیلز کی ایک روزہ بکِری عام دنوں کے مقابلے میں 1331 فی صد زیادہ، جب کہ جنوبی افریقہ میں یہ شرح 1952 فی صد ہے۔بلیک فرائیڈے پر نائجیریا کا ایک عام خریدار 60 امریکی ڈالر خرچ کرتا ہے، جب کہ اس دن جنوبی افریقہ کا ایک خریدار اس سے دگنی رقم خرچ کرتا ہے۔جنوبی افریقہ کے معیشت دان، مائیک شوسلر کہتے ہیں کہ ایک دہائی سے ساؤتھ افریقہ یہ دن منا رہا ہے۔