واشنگٹن: امریکہ کے چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک میلے نے اسی ہفتے افغان صدر اشرف غنی اور طالبان کے مذاکرات کاروں سے ملاقات کی ہے اور ان سے جنگ زدہ ملک میں تشدد کے خاتمے سے متعلق امور پر بات چیت کی ہے۔انھوں نے فریقین پر مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کی ضرورت پر زوردیا ہے۔امریکہ کے محکمہ دفاع پینٹاگان نے جمعرات کو قطر میں ہونے والی اس ملاقات کے بارے میں بیان جاری کیا ہے۔پینٹاگان کی خاتون ترجمان سارہ فلیہرٹی نے کہا ہے کہ ’’جنرل مارک میلے نے قطر میں طالبان سے ملاقات میں فوری طور پر تشدد کے خاتمے اور بحران کے مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔اس سے علاقائی استحکام کو تقویت ملے گی اور امریکہ کے قومی مفادات کا تحفظ کیا جاسکے گا۔جنرل مارک اے میلے نے منگل کے روزدوحہ میں طالبان کے مذاکرات کاروں سے دو گھنٹے تک ملاقات کی تھی۔