امریکی جھنڈا جلانے پر ایک سال کی سزا ہوگی : ٹرمپ

,

   

واشنگٹن ۔ 26 اگست (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حکم جاری کیا ہے کہ اب اگر کوئی امریکی جھنڈا جلائے گا تو اسے ایک سال کی قید کی سزا ہوگی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی پرچم کو جلانے یا کسی بھی صورت میں بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی جھنڈا جلانے کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہوجانا چاہیے ، اب جو کوئی جھنڈا جلائے گا تو ایک سال کیلئے جیل جائے گا۔ اس کی نہ ضمانت ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جھنڈا جلانے کو آزادی اظہار کا نام نہیں دیا جاسکتا، جوبائیڈن کے دور میں واشنگٹن میں جرائم زیادہ ہوتے تھے ۔ حکم نامہ کے مطابق اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ امریکی پرچم کی بے حرمتی کے خلاف قوانین کی سختی سے عمل درآمد کرائیں اور اس معاملے پر پہلی ترمیم کے دائرہ کار کو واضح کرنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کریں۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ کے اس اقدام پر آزادیِ اظہار رائے کے حامی گروپوں نے شدید تنقید کی ہے ۔ فاؤنڈیشن فار انڈی ویژوئل رائٹس اینڈ ایکسپریشن نے ٹرمپ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادیِ اظہار رائے کی اصل خوبصورتی یہ ہے کہ آپ اپنی رائے دے سکتے ہیں، چاہے دوسروں کو وہ ناگوار ہی کیوں نہ گزرے ۔ علاوہ ازیں صحافیوں سے گفتگو میں ایک بار پھر ڈونالڈ ٹرمپ اس بات کو دہرایا کہ ہم نے دنیا میں 7جنگیں رکوائیں، ہم نے ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکا، اس دوران ہمارا ہر میزائل نشانے پر لگا۔ امریکی صدر نے ہند۔ پاک جنگ کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کروایا، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ جوہری ہتھیاروں تک جارہی تھی۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں نصر اسپتال پر حملے سے متعلق مجھے علم نہیں جو کچھ غزہ میں ہورہا ہے میں یہ سب نہیں دیکھنا چاہتا۔