واشنگٹن 7فروری (سیاست ڈاٹ کام)یمن میں دہشت گردی مخالف امریکی کارروائیوں کے دوران القاعدہ جزیرہ نماعرب (اے کیو اے پی) کے بانی اور رہنما قاسم الریمی کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔ یہ دعویٰ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ہے جس کی یمنی حکام نے ابھی تک تصدیق نہیں کی۔وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ امریکہ نے یمن میں دہشت گردی کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کیا جس میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کا نائب سمجھے جانیوالے قاسم الریمی کی موت ہوگئی۔یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کب ہوا۔بیان کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ ہلاک شدہ القاعدہ لیڈر کی قیادت میں اے کیو اے پی والوں نے یمنی شہریوں پر بے انتہا تشدد کئے اور لوگوں کو امریکہ اور اس کی قایادت والی افواج پرحملوں کے لئے اکسایا کرتے تھے ۔بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ اس ہلاکت سے القاعدہ تحریک کو مجموعی طور پر جھٹکا لگے گا ، سلامتی کوے خطرات میں کمی آئے گی اور امریکہ اور اس کے اتحادی مزید محفوظ ہوجائیں گے ۔ واضح رہے کہ اے کیو اے پی نے دسمبر2019 میں فلوریڈا کے بحری اڈے پر اُس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں ایک سعودی افسر نے تین فوجیوں کو مارڈالا تھا۔ جزیرہ نما عرب میں مغربی اثرورسوخ کو ختم کرنے پر تلی طاقتوں میں ایک اے کیو اے پی بھی ہے ۔ ان طاقتوں کا مقصد امریکی حمایت یافتہ حکومتوں کو ختم کرنا ہے ۔