کاراکس۔ 19 اگست (ایجنسیز) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی دھمکیوں کے مقابل اپنے ملک کے دفاع کیلئے 45 لاکھ سے زائد جنگجوؤں کو متحرک کریں گے۔ مادورو کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے کہ جب واشنگٹن نے مادورو کی گرفتاری کیلئے انعام کی رقم میں اضافہ کر دیا ہے۔ مادورو نے ٹیلیویژن پر عوام سے خطاب میں کہا ہے کہ میں، رواں ہفتہ کے دوران، ایک خصوصی منصوبہ فعال کر رہا ہوں۔ یہ منصوبہ پوری ملکی اراضی کے دفاع کا احاطہ کرے گا اور اس میں جنگجو فورس کے 45 لاکھ سے زائد جنگجو شامل ہوں گے۔ یہ جنگجو نفری تیار، متحرک اور مسلح ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ جنگجو فورس سرکاری طور پر سابق صدر ہیوگو شاویز کے دور میں تشکیل دی گئی تھی۔ دعوے کے مطابق اس فورس کی کْل نفری تقریباً 50 لاکھ ہیلیکن تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں کم ہے۔