امریکی ریاست میری لینڈ میں ہندوستانی خاتون کا قتل

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : امریکہ میں آئے دن ہندوستانیوں کے قتل ، حادثات کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست کے میری لینڈ میں پیش آیا ۔ جہاں ایک 27 سالہ ہندوستانی خاتون کا قتل کردیا گیا ۔ ہاورڈ کاونٹی پولیس کے مطابق 27 سالہ ہندوستانی خاتون نکیتا گوڈیشالہ کا اس کے بوائے فرینڈ 26 سالہ ارجن شرما نے قتل کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ارجن شرما نے ہاورڈ کاونٹی پولیس کو 2 جنوری کو اپنی گرل فرینڈ نکیتا کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی ۔ جس میں اس نے بتایا کہ نکیتا 31 دسمبر سے لاپتہ ہے ۔ اس نے آخری مرتبہ نکیتا کو کوئن ریواز روڈ کے 10100 بلاک میں واقع اپارٹمنٹ میں دیکھا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ارجن شرما پولیس میں شکایت کرنے کے فوراً بعد امریکہ سے ہندوستان کے لیے روانہ ہوگیا ۔ 3 جنوری کو پولیس تلاشی کے وارنٹ کے ساتھ پہنچی جہاں نکیتا کی نعش خون میں لت پت پائی گئی اور اس کے جسم پر چاقو سے حملہ کے نشانات بھی ملے ۔ پولیس کا خیال ہے کہ نکیتا کو 31 دسمبر کی شام 7 بجے کے بعد ہی قتل کردیا گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق شرما شکایت کر کے فوراً ہندوستان کے لیے روانہ ہوگیا ۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ جس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ہاورڈ کاونٹی پولیس نے ارجن شرما کے خلاف وارنٹ جاری کردیا ہے اور اس کے خلاف فرسٹ اینڈ سیکنڈ ڈگری قتل کا الزام لگایا گیا ہے ۔ امریکی قانون کے مطابق فرسٹ درجہ میں پیشگی منصوبہ بندی شامل ہے جب کہ دوسرے درجہ کا قتل پیشگی منصوبہ بندی کے بغیر جان بوجھ کر قتل لاگو ہوتا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ نکیتا کے لنک ڈین پروفائل کے مطابق وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیلتھ کیئر اور ڈیٹا اینالیٹکس پروفیشنل تھی ۔ اس نے یونیورسٹی آف میری لینڈ بالتیس مور کاونٹی سے ہیلتھ انفارمیشن ٹکنالوجی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور ہندوستان سے اس نے جواہر لال نہرو ٹکنالوجی یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف فارمیسی کی ڈگری حاصل کی تھی ۔۔ ش