امریکی ریاست پر جھینگروں کی یلغار سے معمولات متاثر

   

اڈاہو: چند روز قبل امریکی ریاست نیواڈا کے کئی علاقوں میں لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں جھینگروں نے دھاوا بول دیا جس سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔انہیں انگریزی میں ’مورمون کریکٹس‘ کہا جاتا ہے۔ اس ان دیکھی کیفیت سے دروازے کھولنا محال ہوگیا اور سڑکیں اور راستے بند ہوگئے ہیں۔ نیواڈا کے شہر ایلکو کے رہائشی جھینگروں کے اچانک حملے سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی افراد نے اسے کیڑوں کی بارش قرار دیا ہے۔ کئی ہسپتالوں میں آمدورفت کے راستے بھی متاثر ہوئے ہیں۔سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں جاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان گنت حشرات مکانات، دروازوں اور کھڑکیوں پر ایک سیاہ چادر کی طرح موجود ہیں۔ اس کے علاوہ سڑکیں جھینگروں سے اٹی ہوئی ہیں اور گاڑیاں چلانا محال ہوچکا ہے۔