امریکی ریاست پنسلوینیا میں فائرنگ سے3 پولیس اہلکار ہلاک، حملہ آور بھی مارا گیا

   

ہیرس برگ : 18ستمبر ( یو این آئی )امریکی ریاست پنسلوینیا میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 3پولیس اہلکاروں کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی کردیا۔فائرنگ کا واقعہ پنسلوینیا کی یارک کاؤنٹی میں پیش آیا جہاں نامعلوم شخص نے آکر پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔امریکی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب موجود پولیس نے موقع دیکھتے ہی فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔امریکی حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 2 پولیس اہکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار مسلح شخص کی فائرنگ سے قبل علاقے میں ایک کیس کی تفتیش کر رہے تھے۔ابتدائی طور پر ہلاک ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کر کے جلد تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

دہشت گردی قومی سلامتی کیلئے خطرہ : پاکستان
نیویارک، 18 ستمبر (یو این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دہشت گرد گروہوں کے 60 سے زائد کیمپ فعال ہیں، افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرہ ہے ۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ طالبان حکام کو انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔