سان فرانسسکو ۔ ورلڈ ریکارڈ بنانے والے امریکہ کے سائیکلسٹ اور10 مرتبہ کے نیشنل چمپین ایتھن بائیز ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 44 سالہ ایتھن بائیزکو امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں سائیکل چلاتے ہوئے گاڑی نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوری بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ چل بسے۔ مقامی پولیس کے مطابق حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایتھن بائیز کے مداح ان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ ایتھن بائیز نے 35 سے 39 سال عمر کے زمروں میں 1000 میٹر ٹائم ٹرائل میں ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔