واشنگٹن:امریکہ میں کرنسی تیار کرنے والے ادارے نے اس نئے سکے کی تقسیم شروع کر دی ہے جس پر مایا اینجلو کی تصویر کندہ ہے۔ معروف شاعرہ اور انسانی حقوق کی کارکن مایا اینجلو امریکی کرنسی پر نمودار ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون ہیں۔کوارٹر سکے پر مایا اینجلو کی جو تصویر ہے اس میں انہیں اپنے دونوں بازوؤں کو پھیلائے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ان کی تصویر کے پیچھے ایک پرندہ محو پرواز ہے اور چڑھتے ہوئے سورج کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ سب ان کی شاعری سے متاثرہ تصاویر ہیں۔امریکی تاریخ کی ممتاز خواتین کو یاد کرنے اور انہیں سراہنے کے مقصد سے ان کی تصویر والے سکے جاری کرنے کا ایک پروگرام ترتیب دیا گیا ہے اور مایا اینجلو کی تصویر والا سکہ اسی سلسلے کا حصہ ہے۔امریکی ٹیکسال ملک کی ایسی نمایاں خواتین اور ان کی کامیابیوں کے اعزاز میں آئندہ چار برسوں میں 20 کوارٹر سکے جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
مایا اینجلو کی معروف خودنوشت ’’آئی نو وائی دی کیجڈ برڈ سنگس‘‘ (مجھے پتہ ہے کہ قفس میں پرندہ نغمہ سرا کیوں ہے) سن 1969 میں آئی اور اس کی اشاعت کے ساتھ ہی وہ کافی مقبول ہوئی۔ اس کتاب میں انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتیوں اور نسلی امتیاز کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔مایا اینجلو نے اپنے دور کے معروف انسانی حقوق کے کارکن مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور میلکم ایکس کے ساتھ بھی کافی کام کیا۔ اینجلو نے بل کلنٹن کے پہلی صدارتی افتتاحی تقریب کے وقت اپنی نظم پڑھی تھی۔ پھر سن 2010 میں صدر براک اوباما نے انہیں صدارتی تمغہ برائے آزادی سے بھی نوازا تھا۔ سن 2014 میں 86 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوا۔