امریکی سینیٹر کا دورہ حیدرآباد ۔ ٹی ہب و قونصل خانہ کی نئی عمارت کا معائنہ

   

وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ سے ملاقات ۔ تجارتی قائدین سے تبادلہ خیال

حیدرآباد 15 اپریل ( سیاست نیوز ) امریکی سینیٹر ٹاڈ ینگ ( انڈیانا ) نے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے تجارتی قائدین ‘سرکاری عہدیداروں اور امریکی ایکسچینج پروگرام کے سابقہ طلبا و ذمہ داران سے ملاقات کی ۔ ٹاٹا لاک ہیڈ مارٹن ایرواسٹرکچرس لمیٹیڈ کا دورہ کرنے کے بعد ٹاڈ ینگ نے ٹی ہب / ٹی ورکس کا دورہ کیا ۔ انہوں نے صنعتی و سیول سوسائیٹی نمائندوں کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی اور وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ سے بھی ملاقات کی ۔ امریکی سینیٹر نے امریکی قونصل خانہ کے عملہ سے ملاقات کی اور سپلائی چین پر ایک گول میز کانفرنس میں شرکت کی ۔ انہوں نے انڈیانا میں تعلیم حاصل کرچکے قائدین کے ساتھ بھی نشست منعقد کی ۔ ایک دعوت افطار میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے اپنے دورہ کو مکمل کیا ۔ اپنی مصروفیات کے دوران خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ٹاڈ ینگ نے کہا کہ امریکہ ۔ ہندوستان کی شراکت داری اکیسویں صدی میں امن و خوشحالی کے تحفظ کیلئے اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوستی کے اثرات انہیں اپنی ریاست انڈیانا میں بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی بڑی جامعات کے طلبا کے علاوہ تجارتی قائدین بھی ان کی ریاست کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے دورہ کے موقع پر بھی امریکہ ۔ ہندوستان شراکت داری کو آگے بڑھانے کے مقصد سے کام کر رہے ہیں اور ایسا کرتے ہوئے انہیں مسرت ہو رہی ہے ۔ امریکی قونصل جنرل جنیفر لارسن نے سینیٹر ٹاڈ ینگ کا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر استقبال کیا ۔ سینیٹر نے ٹاٹا لاک ہیڈ مارٹن ایرواسٹرکچرس لمیٹیڈ کا دورہ کیا اور پھر انہوں نے ٹی ہب کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کے عہدیداروں اور تاجر برادری سے ملاقات کی ۔ انہوں نے شام میں وزیر صنعت و آئی ٹی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی ۔ قونصل جنرل جنیفر لارسن نے سینیٹر ینگ کے اعزاز میںایک استقبالیہ بھی ترتیب دیا ۔ امریکی سینیٹر نے نانک رام گوڑہ میں امریکی قونصل خانہ کی نئی عمارت کا دورہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی دعوت افطار میں بھی شرکت کی ۔