امریکی سینیٹ کے دو ارکان کا ترکی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

   

واشنگٹن : امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو ارکان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ ان رپورٹوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ترکی ،،، یونان کے امریکی ساختہ لڑاکا طیاروں کے خلاف روس کے تیار کردہ دفاعی میزائلوں کو آزما رہا ہے۔امریکی اخبار
’’The Hill‘‘
نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ کئی برس سے امریکی قانون ساز شخصیات ترکی کی جانب سے روسی فضائی دفاعی نظام S-400 کی خریداری کے حوالے سے اندیشوں کا اظہار کرتی آ رہی ہیں۔ انہوں نے انقرہ پر ان پابندیوں کے عائد کرنے پر زور دیا جو امریکی قانون روسی دفاعی صنعت کے ساتھ معاملات طے کرنے والوں کے خلاف لاگو کرتا ہے۔مذکورہ دونوں سینیٹرز وان ہولن اور جیمز لینکفورڈ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے نام تحریر خط میں کہا “ہم ان خصوصی رپورٹوں کے حوالے سے یہ تحریر کر رہے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ترکی نے روسی ساختہ S400 فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا ہے۔ اس کا مقصد اگست کے اواخر میں فرانس، اطالیہ ، یونان اور قبرص کے درمیان ہونے والی فوجی مشقوں سے واپس لوٹنے والے F16 طیاروں کا پتہ چلانا تھا”۔دونوں سینیٹرز نے مزید کہا کہ ’’ان معلومات کی بنیاد پر ہم ایک بار پھر آپ پر زور دے رہے ہیں کہ ترکی کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں جیسا کہ امریکی قانون میں موجود ہے‘‘۔