امریکی شہریوں کو بغیر ویزا اسرائیل میں داخلے کی اجازت

   

واشنگٹن: اسرائیل نے جمعرات سے تمام امریکی شہریوں کو بغیر ویزا کے اپنی سرزمین میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔یہ فیصلہ گزشتہ روز کے ویزا فری داخلے کے باہمی معاہدے کے تحت کیا گیا، اسرائیل کو امید ہے کہ اس اقدام کے بعد کے مرحلے میں اسرائیلی شہری بغیر ویزا کے امریکہ میں داخل ہو سکیں گے۔وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ جب اسرائیل کو اس پروگرام میں قبول کر لیا جائے گا، تو کوئی بھی اسرائیلی بغیر ویزے کے امریکہ میں داخل ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے امریکہ میں داخلے کے لیے ویزا فری پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی درخواست میں ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ نیا اقدام جمعرات سے نافذ العمل ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’تمام امریکی، بشمول دوہری امریکی-اسرائیلی شہریت کے حامل اور دوہری شہریت کے حامل فلسطینی(جو مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں مقیم ہیں اور امریکی شہریت رکھتے ہیں) اس اقدام سے مستفید ہوں گے۔اس سے قبل فلسطینی ویزا نہ ہونے پر تل ابیب کے قریب واقع بن گوریون ہوائی اڈے کے ذریعے اسرائیل میں داخل نہیں ہو سکتے تھے، جس کی وجہ سے وہ ملحقہ ملک اردن جانے اور وہاں سے زمینی راستے سے فلسطین کی طرف سفر پر مجبور ہوتے۔امریکہ اس وقت سیاحت یا کام کے مقصد سے مختصر قیام کے لیے 40 ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا کے اپنی سرزمین میں داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے۔