امریکی شہریوں کو صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

   

واشنگٹن ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اپنے ان تمام شہریوں سے اپیل کی ہے جو عنقریب پاکستان کا سفر کرنے والے ہیں کہ وہ اپنے سفر کے بارے میں دوبارہ غوروخوض کریں کیونکہ پاکستان میں دہشت گردانہ واقعات اپنے عروج پر ہیں اور ملک میں شہری ہوابازی کے آپریشن کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ یاد رہیکہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے چہارشنبہ کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گروپس اب بھی پاکستان میں حملوں کی سازشیں کررہے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے تازہ ترین سفری ہدایت نامہ میں امریکی شہریوں کو انتباہ دیا گیا ہیکہ وہ اگر پاکستان کا سفر کرنے والے ہیں تو اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں خصوصی طور پر خیبرپختونخواہ اور صوبہ بلوچستان کا سفر ہرگز نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان مقبوضہ کشمیر کا بھی سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے کیونکہ ان علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔