امریکی شہریوں کے سر قلم کرنے والے داعش کے رکن کو عمر قید کی سزا

   

واشنگٹن ۔ امریکہ کی وفاقی عدالت نے شام اور عراق میں امریکی شہریوں اور ایڈ ورکرز کے اغوا اور ان کے سر قلم کرنے میں ملوث داعش کے سیل دی بیٹلز کے ایک رکن کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ ورجینیا میں وفاقی عدالت کے جج ٹی ایس ایلس نے شدت پسند تنظیم داعش کے 33 سالہ رکن ال شافی ال شیخ کو جمعہ کو سزا سنائی۔ عدالتی فیصلے پر مقتول امریکی شہریوں کے اہلِ خانہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس فیصلے سے انہیں کچھ انصاف ملا ہے۔ چار ماہ قبل ایک جیوری نے سابق برطانوی شہری ال شافی ال شیخ کو اغوا اور قتل کے لیے سازش کرنے کا قصوروار قرار دیا تھا۔ چھ ہفتہ تک جاری رہنے والے ٹرائل کے بعد اپریل میں جیوری نے قرار دیا تھا کہ ال شافی ال شیخ داعش کے بدنام زمانہ سیل دی بیٹلز کا حصہ تھے, جو برطانوی لہجے میں بات کرتے تھے۔ انہوں نے شام اور عراق میں امریکی یرغمالیوں کے سر قلم کیے تھے۔