ماسکو : امریکی اخبار کے صحافی کو جاسوسی کا مجرم قرار دے کر روس میں 16 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ، صحافی کے اہلخانہ اور اس کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین نے صحافی ایون گیرشکووچ کے خفیہ مقدمے کی سماعت کو دھوکا قرار دیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق روسی جج کا کہنا تھا کہ مقدمہ کے دونوں فریقین کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 15 دن ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل (WSJ) کے رپورٹر کو گزشتہ سال مارچ میں روسی شہر یکاترنبرگ میں رپورٹنگ کے حوالے سے سفر کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار صحافی پر امریکہ کی انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے لیے کام کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کی خود صحافی اور امریکہ نے بھی تردید کی تھی۔