امریکی صدارتی انتخابات : ای میل رائے دہی کی مخالفت

,

   

فوٹو شناختی کارڈ کے لزوم کی حمایت ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا اجلاس سے خطاب
واشنگٹن 4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہ امریکہ میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کورونا وائرس کی وباء سے کوئی تاخیر نہیں ہوگی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے میل کے ذریعہ رائے دہی کی مخالفت کی ہے اور انہوں نے ووٹر آئی ڈی کے خیال کی وکالت کی ہے ۔ ٹرمپ نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ سارے امریکہ میں یہ مباحث چل رہے ہیں کہ آیا ملک میں ای میل کے ذریعہ ووٹنگ کرنے کی تیاری کرنی چاہئے یا نہیں۔ سوال کیا جا رہا ہے کہ اگر نومبر تک لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے اور دوریاں برقرار رکھنے پر مجبور ہوتے ہیں تو کیا ای میل کے ذریعہ رائے دہی نہیں کروائی جانی چاہئے ؟ ۔ کئی ممالک جیسے ہندوستان ‘ ارجنٹینا ‘ آسٹریلیا اور برازیل میں انتخابی عمل کیلئے ووٹر آئی ڈی کا لزوم ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں کئی لوگ ای میل سے ووٹنگ میں دھوکہ بھی کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے وائیٹ ہاوز میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں یہ خیال ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عوام کو ووٹر آئی ڈی کے ساتھ رائے دہی میں حصہ لینا چاہئے ۔ ان کے خیال میں ووٹر آئی ڈی بہت اہمیت کا حامل ہے اور اسی وجہ سے وہ نہیں چاہتے کہ اس کا استعمال کیا جائے کیونکہ وہ ( مخالفین ) دھوکہ کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ میں ووٹر آئی ڈی کا لزوم کسی ریاست میں ہے تو کسی ریاست میں ابھی اس کو لازمی قرار نہیں دیا گیا ہے ۔ کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشئیر نے ووٹر آئی ڈی کے لزوم کے بل کو مسترد کردیا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ انتخابات میں شخصی طور پر حاضر رہیں اور اپنے ووٹ کا مناسب شناخت پیش کرنے کے بعد استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے ضروری ہے کہ وہ تصویری شناختی کارڈ کے ساتھ آگے آئیں۔ عوام کے پاس ایسے کارڈ ہونے چاہئیں اور ای میل کے ذریعہ ووٹنگ کا خیال مناسب نہیں ہے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ای میل کے ذریعہ ووٹنگ کا خیال کوئی اچھی علامت نہیں ہے ۔ عوام کو اس سے دور رہنا چاہئے کیونکہ اس کے ذریعہ دھوکہ کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں اور کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔