واشنگٹن۔ 29 نومبر (یو این آئی) ڈونالڈ ٹرمپ کی عمر اور جسمانی توانائی پر رپورٹ شائع کرنے پر امریکی صدر نے نیویارک ٹائمز والوں کو پاگل قرار دے دیا۔ صدر ٹرمپ نے منگل کے روز شائع ہونے والے ایک مضمون پر دی نیو یارک ٹائمز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ، جس میں ان کی عمر کی طرف توجہ دلائی گئی تھی اور یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ وہ صدر کے عہدے پر رہتے ہوئے اپنی جسمانی توانائی کھو رہے ہیں۔ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اس مضمون کے بارے میں لکھا کہ ناکام اخبار نیو یارک ٹائمز کے بھیانک لوگ پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔ صدر نے اپنی 2024 کی انتخابی جیت کا ذکر کیا اور اسے انھوں نے بھاری اکثریت قرار دیا اور معیشت، خارجہ پالیسی سمیت دیگر شعبوں میں اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ سب کرنے کے لیے بہت زیادہ کام اور توانائی درکار ہوتی ہے اور میں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی اتنی محنت نہیں کی۔
