امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کمپنی سے حیدرآباد میں جڑواں ٹاورس کی تعمیر

   

جاریہ سال کام کا آغاز ، 3500 کروڑ کی سرمایہ کاری ، بنگلور ، نوئیڈا اور پونے میں بھی پراجکٹس
حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کمپنی شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ کوکہ پیٹ میں جڑواں ٹاؤر کی تعمیر کو قطعیت دے چکی ہے اور 3500 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ساتھ ٹرمپ ٹاؤر کی تعمیر کا جاریہ سال آغاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق جاریہ سال ماہ اگسٹ یا ستمبر کے دوران ان ٹاؤرس کی تعمیرکا آغاز کردیا جائے گا۔ ہندستان میں ٹرمپ کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کا یہ پہلا پراجکٹ نہیں ہے بلکہ ممبئی میں 78منزلہ ٹاؤر کے علاوہ پونے کولکتہ اور گرگاؤں میں بھی ٹرمپ ٹاؤر موجود ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے اس ٹاؤر کو ہندستانی کمپنی ٹرائیبیکا ڈیولپرس کی نگرانی میں تعمیر کیا جائے گاجو کہ 63 منزلہ عمارت ہوگی۔ کوکہ پیٹ میں تعمیر کئے جانے والے اس ہمہ منزلہ ٹاؤرس میں انتہائی لگژری 400 فلیٹس کی تعمیر کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ منصوبہ کے مطابق ان ہمہ منزلہ ٹاؤرس کی تعمیر کیلئے جو تخمینہ لگایا گیا ہے اس کے مطابق 3500 کروڑ کا یہ پراجکٹ ہوگا اور اس پراجکٹ میں 4تا5 کروڑ روپئے مالیت کے فلیٹس ہوں گے ۔15ہزار روپئے فی مربع فیٹ ان فلیٹس کی قیمت رکھے جانے کا امکان ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان عمارتوں میں 5000 مربع فیٹ تک کے فلیٹس بھی تعمیرکئے جائیں گے۔ نومبر 2024 میں ٹرمپ رئیل اسٹیٹ نے ہندستان میں 6 نئے پراجکٹس کا اعلان کیا تھا جن میں شہر حیدرآباد کے علاوہ بنگلورو‘ نوئیڈا ‘پونے کے علاوہ دیگر شہروں میں نئے پراجکٹس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور ان پراجکٹس کی تعمیراتی سرگرمیوں کا سال 2025میں آغاز کیا جائے گا۔3