امریکی صدر کا پیغام غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک : عراقچی

   

Ferty9 Clinic

تہران ۔ 3 جنوری (ایجنسیز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا پیغام غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ہے، ان کو علم ہونا چاہیے کہ عوامی املاک پر مجرمانہ حملوں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ ماضی کی طرح ایرانی عوام داخلی امور میں کسی بھی مداخلت کو مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج الرٹ ہیں، مسلح افواج ایرانی خود مختاری کی کسی بھی خلاف ورزی پر جانتی ہیں کہ کہاں نشانہ بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں زرِمبادلہ کی شرح میں اتار چڑھاؤ سے متاثرہ افراد احتجاج کر رہے ہیں، جو ان کا جائز حق ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تشدد پر مبنی چند واقعات بھی دیکھے ہیں، تشدد کے واقعات میں پولیس اسٹیشن اور پولیس اہل کاروں پر حملہ شامل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر ایران میں مزید مظاہرین مارے گئے تو امریکہ مداخلت کیلئے تیار ہے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ پرامن مظاہرین کو بچانے کیلئے ایران جا سکتا ہے۔