امریکی عوام کے ٹرمپ اور بائیڈن سے متعلق ملے جلے تاثرات

   

نیویارک: امریکی شہری آئندہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈیمو کریٹ اور ری پبلکن صدارتی امیدواروں کے بارے میں ملے جلے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس اور این او آر سی سنٹر فار پبلک افیئر ریسرچ (این او آر سی )کے ایک نئے جائزے میں بائیڈن اور ٹرمپ کی تصاویر کے ساتھ ایک سوال پوچھا گیا کہ ان کو دیکھتے ہوئے وہ کیا سوچتے ہیں۔بائیڈن کے لیے ڈیموکریٹس اور رپبلکن سمیت امریکی بالغ افراد کی ایک بڑی تعداد نے ان کی عمر کا ذکر کیا۔ 80 سالہ بائیڈن ٹرمپ سے صرف تین سال بڑے ہیں لیکن متعدد امریکیوں نے صدر کے طور پر ان کی اہلیت کے بارے میں حقیقی خدشات کا اظہار کیا ہے۔اے پی اور این او آر سی کے جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی عوام انتخابی معاملات میں ٹرمپ کے حوالے سے پارٹی خطوط پرمنقسم ہیں۔اسی دوران ٹرمپ پر چار مقدمات میں فرد جرم عائد کی گئی ہے اور اس تناظر میں رائے دینے والوں نے مختلف شرح سے ’’بد عنوان‘‘ اور’’ بد دیانت‘‘ جیسے الفاظ استعمال کیے ہیں۔ تاہم آٹھ فیصد نے عام طور پر ان کے لیے ’’اچھے‘‘ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے مثبت انداز میں اظہار خیال کیا ہے۔اگر صورتحال کا بغور جائزہ لیا جائے تو بائیڈن یا ٹرمپ کے لیے حالات زیادہ بہتر نہیں۔ اگر چہ ہر نوعیت کی تنقید میں پارٹی بنیاد پر تقسیم کی عکاسی کی گئی ہے۔ تاہم پول سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں میں سے کوئی بھی لیڈر اپنی پارٹی کے اندربھی تنقید سے محفوظ نہیں ہے۔جسٹن کیمبل ایک 27 سالہ ڈیموکریٹ ہیں ان کا تعلق مسی سیپی کے بروکھاون علاقے سے ہے۔ وہ ایک سیکیورٹی گارڈ ہیں اور بائیڈن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہیں ایک مہربان گرینڈ فادر ہو نا چاہیئے نہ کہ اقتدار سنبھالنے کی کوشش کرنا چاہیئے۔ وہ ٹرمپ کے بارے میں بھی منفی سوچ رکھتے ہیں اور ان کے رویے پر تنقید کرتے ہیں۔جسٹن کیمبل کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پالیسی اور قومی سلامتی کے بارے میں بہت کم معلومات حاصل کرتے ہیں۔
کیمبل کے مطابق وہ اگلے سال بائیڈن کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ٹرمپ کے جیل میں ہونے کے منتظر ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس اور این او آر سی سنٹر فار پبلک افیئر ریسرچ کے ایک نئے سروے کے مطابق جب صدر جو بائیڈن کی بات آتی ہے تو ڈیموکریٹس اور رپبلکن ایک چیز پر متفق ہیں کہ صدارتی منصب سنبھالنے کے لیے ان کی عمر زیادہ ہے۔26فیصد جواب دہندگان بائیڈن کے لیے ’’ معمر‘‘ یا ’’آؤٹ ڈیٹڈ‘‘ جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں جبکہ 15فیصد انہیں ’’سست رفتار‘‘ اور ’’کنفیوزڈ ‘‘ قرار دیتے ہیں۔مزید 10فیصد افراد صدر کے بارے میں عام طور پر منفی تبصرے کرتے ہیں۔ صرف 6 فیصد ’’صدر‘‘اور ’’لیڈر‘‘ جیسے الفاظ کا استعمال کرتے ہیں جبکہ بائیڈن کے بارے میں سب سے زیادہ مثبت رائے میں 5 فیصد ان کے لیے ’’مضبوط‘‘ اور ’’قابل‘‘ جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ڈیموکریٹس کے درمیان بھی بائیڈن کی عمر کا اکثر حوالہ دیا جاتا ہے اور 28 فیصد اس کا تذکرہ کرتے ہیں۔