امریکی فارما کمپنی کی تلنگانہ میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کمپنی کے وفد کی ملاقات، حیدرآباد میں ادویات کی تیاری اور عالمی سطح پر سربراہی کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) امریکہ کی نامور فارما کمپنی ایلی للی نے تلنگانہ میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جو فارما شعبہ میں اب تک کی بڑی سرمایہ کاری ہے۔ امریکی فارما کمپنی تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ مینو فیکچرنگ اور عالمی سطح پر ادویات کی سربراہی کی صلاحیت میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تلنگانہ میں مینوفیکچرنگ اور کوالیٹی ہب کے قیام سے تلنگانہ کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد نے آج انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو سے ملاقات کے دوران اپنے توسیعی منصوبہ کا انکشاف کیا ۔ کمپنی نے اگست میں حیدرآباد میں گلوبل کیپبلیٹی سنٹر کا آغاز کیا تھا اور تلنگانہ کی قیادت پر اپنے اعتماد کو مستحکم کرتے ہوئے توسیعی منصوبہ کا اعلان کیا ہے ۔ ملک کی کئی ریاستوں کی جانب سے امریکی کمپنی کو سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی لیکن کمپنی نے تلنگانہ کا انتخاب کیا ہے۔ تلنگانہ میں بہتر انفراسٹرکچر سہولتوں اور قابل میان پاور کے علاوہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کے سبب کمپنی نے تلنگانہ کا انتخاب کیا ہے ۔ امریکی کمپنی اپنے نئے پراجکٹ کے تحت ذیابیطس، موٹاپا ، کینسر ، Alzheimers جیسے عوارض کیلئے ادویات کی تیاری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حیدرآباد میں کمپنی کی جانب سے فوری طور پر رکروٹمنٹ کا آغاز ہوگا اور انجنیئرس ، کیمسٹ، انالیٹیکل سائنٹسٹ ، کوالیٹی کنٹرول ، ایشورنس پروفیشنلس اور مینجمنٹ پروفیشنلس کے شعبہ جات میں تقررات کئے جائیں گے۔ کمپنی تلنگانہ میں ادویات تیار کرتے ہوئے دنیا کے مختلف ممالک کو سربراہ کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امریکی فارما کمپنی کے وفد سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے توسیعی منصوبہ کیلئے تلنگانہ کا انتخاب کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی نے 1965 میں حیدرآباد میں آئی ڈی پی ایل کے قیام کے ذریعہ فارما ہب کے قیام کا آغاز کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد نے کووڈ ویکسین کی تیاری میں بھی اہم رول ادا کیا اور یہاں ادویات کی تیاری کا اہم مرکز ہے ۔ چیف منسٹر نے دہرایا کہ تلنگانہ کا مطلب بزنس ہے اور حیدرآباد ایک عالمی شہر کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتا ہے ۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے خواہاں کمپنیوں سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو نالج ہب میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ حیدرآباد کی جینوم ویلی میں اڈوانس ٹکنالوجی سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی میں عالمی فارما انڈسٹریز کو بورڈ آف گورنرس میں شامل کیا گیا جس کے صدرنشین آنند مہیندر ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ دنیا کے نقشہ پر تلنگانہ کو صنعتی اور فارما شعبہ کے مرکز کی حیثیت سے شناخت حاصل ہے ۔ اگزیکیٹیو وائس پریسیڈنٹ ایلی للی پیاٹرک جانسن اور ان کی ٹیم نے نئے پراجکٹ اور سرمایہ کاری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔1