واشنگٹن : افریقہ میں تعینات امریکی فوج چین کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، کیوں کہ انہیں تشویش ہے کہ چین براعظم افریقہ میں اپنے بری اور بحری اڈوں کا جال بچھانے کے قریب ہے۔ امریکی فوج کی افریقی کمان کے سربراہ جنرل اسٹیفن ٹاؤن سینڈ نے امریکی قانون سازوں کو بتایا کہ سب جانتے ہیں کہ چین دنیا بھر میں اپنی چھاؤنیوں کی تعمیر کی خواہش رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو زیادہ تشویش بحر اوقیانوس کے افریقی ساحل پر چین کی موجودگی سے ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق چین نے 2017ء میں افریقہ کی مشرقی ساحل پر جبوتی میں اپنا پہلا فوجی اڈا تعمیر کیا تھا۔ اس سے امریکہ کے فوجی عہدے داروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، جو اسے اپنے دروازے کے بالکل سامنے چین کا اڈا تعمیر ہونے سے تعبیر کرتے ہیں۔ امریکا کا فوجی اڈا کیمپ لیمونئیر میں قائم ہے۔ امریکی فوج کے جنرل ٹاؤن سینڈ کا کہنا تھا کہ اس وقت سے چین اپنی موجودگی کو جبوتی میں بڑھانے پر کام کر رہا ہے اور دیگر علاقوں پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہے۔
