واشنگٹن ۔ امریکی فوج کے تحقیقی ادارے ’والٹر رِیڈ انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ
(WRAIR)
کے سائنسدانوں نے نئی ویکسین تیار کرلی ہے جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ کورونا وائرس کی کئی اقسام کے خلاف مؤثر ہے۔ ان میں حالیہ ’کووڈ ۔ 19‘ وبا کے ذمہ دار کورونا وائرس کے تمام ویریئنٹس بھی شامل ہیں۔یہ ویکسین ’’اسپائک فیریٹین نینوپارٹیکلز‘‘
(SpFN)
پر مشتمل ہے جسے چوہوں، ہیمسٹرز اور بندروں پر کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے۔ ان تجربات کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنلز ’’این پی جے ویکسینز‘‘ اور ’’سائنس ٹرانس لیشنل میڈیسن‘‘ کے حالیہ شمارہ جات میں شائع ہوچکی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ویکسین سے ان تمام جانوروں میں کورونا وائرس کے خلاف زبردست مزاحمت پیدا ہوئی جس نے انہیں کورونا وائرس کی اقسام سے محفوظ رکھا۔امریکی فوج کی نمائندہ ویب سائٹ ’’آرمی ڈاٹ ایم آئی ایل‘‘ کے مطابق، اس کورونا ویکسین کی ابتدائی انسانی آزمائشیں (فیز 1 کلینیکل ٹرائلز) اس سال اپریل میں شروع ہوچکی ہیں اور ان کے نتائج بھی بہت جلد متوقع ہیں۔