کابل ۔ 20 ستمبر (ایجنسیز) افغان وزارتِ خارجہ حکام نے کہا ہے کہ امریکی فوجی موجودگی افغان عوام کو قبول نہیں ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان وزارتِ خارجہ امور کے ڈپٹی پولیٹیکل ڈائریکٹر ذاکر جلالی نے بگرام فوجی بیس کے حوالے سے امریکی صدر کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین پر امریکی فوجی موجودگی کو افغان عوام نے کبھی قبول نہیں کیا۔ ذاکر جلالی نے بتایا کہ امریکی فوجی موجودگی کے امکان کو دوحہ مذاکرات کے دوران مسترد کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان تعلقات کو فوجی موجودگی کے بغیر قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ، باہمی احترام، مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بیان میں کہا تھا کہ افغانستان کے بگرام بیس پر امریکی فوج کی تعیناتی کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
پاکستان کو مطلوب دہشت گرد
گل رحمان کی پُر اسرار ہلاکت
کابل۔ 20 ستمبر (ایجنسیز) افغانستان کے صوبہ ہلمند سے اطلاعات ملی ہیں کہ پاکستان دشمن دہشت گرد گروہ فتنۃ الہندوستان کا اہم کمانڈر اور ٹرینر گل رحمان عرف استاد مرید پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ وہی دہشت گرد تھا جس نے پاکستان کی جعفر ایکسپریس پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی اور کئی بڑے دہشت گرد واقعات میں براہ راست ملوث رہا۔ میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھی اس کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ 17 ستمبر 2025 کو پیش آیا۔ گل رحمان عرف استاد مرید مجید بریگیڈ کا آپریشنل کمانڈر تھا جس نے نہ صرف پاکستان کی سیکوریٹی فورسز بلکہ چینی شہریوں، سی پیک منصوبوں اور معصوم شہریوں کو بھی اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔