نیویارک۔8 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ریاستہائے متحدہ امریکہ کی تاریخ کے سب سے خطرناک قاتل سیمول لٹل نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 35 سال میں 93 خواتین کا قتل کیا ہے ۔ امریکی تفتیشی ایجنسی ایف بی آئی کی جانب سے ایک 79 سالہ امریکی سیریل کلر’’سیمول لٹل‘‘ کے اعترافات سامنے آئے ہیں جس نے سال 1970 سے 2005 تک93 خواتین کا قتل کیا ہے اور قتل کرنے کے بعد ان کے خاکے بھی بنائے ہیں۔ایف بی آئی کے تفتیشی اہلکاروں کا کہنا ہے سیمول لٹل کی جانب سے جاری کیے گئے خاکوں کی مدد سے مقتولین کی شناخت کی جائے گی، تاہم ان میں سے کچھ کی شناخت ہوگئی ہے ۔ایف بی آئی کا تفتیش کے بعد یہ کہنا ہے کہ ابھی تک سیمول لٹل کے 50افراد کے قتل کرنے کی تصدیق ہوئی ہے ، لیکن تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ قاتل کے تمام 93 اعترافات درست ہیں۔ ایف بی آئی نے ویب سائیٹ پر وہ تمام خاکے جاری کئے جو مقتول خواتین کے ہیں۔
