حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : امریکی قونصلیٹ جنرل حیدرآباد کے پائیگاہ پیالیس آفس پر ریگولر کاموں کا چہارشنبہ کو اختتام ہوا اور یہ دوبارہ نانک رام گوڑہ میں اس کی نئی فیسلیٹی پر پیر کو صبح 8-30 بجے سے شروع ہوں گے ۔ امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد جنیفر لارسن نے ٹوئیٹر پر اعلان کیا کہ ’ آج ہم نے پہلی مرتبہ پائیگاہ پیالیس پر امریکی پرچم کو اتارا ‘ یہاں سے 14 سال تک خدمات انجام دینا شاندار رہا اور ہم نانک رام گوڑہ میں ہماری نئی فیسلیٹی پر امریکہ اور ہندوستان کے درمیان شراکت داری میں ایک نیا باب شروع کرنے کے لیے پر جوش ہیں ‘ ۔ پائیگاہ پیالیس پر 14 سال کے دوران امریکی قونصلیٹ کی جانب سے 16 لاکھ سے زائد ویزے منظور کئے گئے اور 42511 امریکی سٹیزن شپ سروسیس پر کارروائی کی گئی ۔ امریکہ نے حیدرآباد میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ قونصلیٹ بلڈنگ میں 340 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ۔۔