واشنگٹن : امریکہ میں نیشنل سیکوریٹی کونسل کے کو آرڈینیٹر فار سٹریٹیجک کمیونیکیشنز، جان کربی نے کہا ہے کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ ایران نے جن امریکیوں کو جیل سے گھر میں نظر بند کیا ہے وہ امریکہ واپس کب آئیں گے۔ کربی نے یہ بات جمعرات کو وائس آف امریکہ کی افغان سروس کے وائٹ ہاؤس کے نامہ نگار سید عزیز رحمان سے ایک انٹرویو میں کہی۔ کربی نے کہا کہ جب تک وہ وطن پہنچ نہ جائیں ہم قطعی طور پر یہ نہیں جانتے کہ انہیں گھر واپس لانے میں کتنا عرصہ لگے گا اور جب تک یہ مذاکرات مکمل نہ ہو جائیں ہمیں کھلے بندوں کچھ کہنے میں محتاط رہنا ہوگا۔ جان کربی نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جیل سے باہر آئے ہیں لیکن ایران سے باہر نہیں آئے چنانچہ جتنا زیادہ سے زیادہ ہو سکا ہم ان کی صحت اور ان کی حالت کے بارے میں پتہ لگاتے رہیں گے۔ جان کربی نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ اس بارے میں مذاکرات جاری رکھیں گے کہ انہیں کس طرح بحفاظت ان کے خاندانوں سے ملوا دیا جائے۔ اس میں کتنا وقت لگے گا؟ یہ جاننا مشکل ہے۔ ہو سکتا ہے ہفتہ، لیکن آپ ایران کے بارے میں بات کر رہے ہیں، چنانچہ آگے بڑھتے ہوئے ہمیں دانشمندی سے کام لینا ہوگا۔