امریکی لڑاکا طیاروں کی صعدہ کےاہم ٹھکانوں پر تین مرتبہ بمباری

   

صنعاء : امریکی جنگی طیاروں نے حوثیوں کے زیر کنٹرول یمنی علاقے السالم میں بمباری کی ہے۔ یہ علاقہ ضلع سعدہ میں واقع ہے۔اطلاعات کے مطابق امریکی جنگی طیاروں نے یہ بمباری چہارشنبہ کو صبح کے وقت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے یہ امریکی حملے حوثیوں کے میزائل لانچ کرنے والی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں اور ان جگہوں پر تیسری بار حملے کیے گئے ہیں۔حوثیوں سے متعلقہ ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بمبار طیاروں نے اس کے علاوہ سحر ڈسٹرکٹ انسادہ میں بھی دو بار بمباری کی ہے۔پچھلی دو دہائیوں سے حوثیوں نے یمن کے بڑے علاقوں میں کنٹرول حاصل کرنے کے بعد پہاڑی علاقوں پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ جہاں انہوں نے اپنے لیے پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں اور فوجی مراکز کی تشکیل کی ہے۔یمن کے ان پہاڑی علاقوں میں حوثیوں نے فوجی اڈے اور زیر زمین ہائیڈ آؤٹس بھی بنا رکھی ہیں۔ یہ ہائیڈ آؤٹس یمن کے شمالی علاقوں میں قائم کی گئی ہیں۔حوثیوں نے پچھلے چند دنوں میں اسرائیل پر بھی مسلسل میزائل فائر کرنے کی کوشش کی ہے۔ تل ابیب اور اسرائیل کے سب سے بڑے ایئرپورٹ بین گورین کے علاوہ یروشلم تک ان میزائلوں کو داغنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے میزائل حملے روک دیے ہیں۔حوثی خطے میں ایرانی حمایت یافتہ گروپ کے طور پر مشہور ہیں اور ایران کی ایک پراکسی کے طور پر کام کرتے ہیں۔
امریکی طیاروں نے منگل کی شام بھی تقریباً 13 بار حوثی بیرکوں پر حملے کیے اور ان کے اسلحہ ڈپوؤں کو تباہ کیا تھا۔ اب پیر کے بعد بدھ کے روز صبح سویرے دوبارہ حملے کیے گئے ہیں۔