نیویارک : امریکہ کا لڑاکا طیارہ رات گئے سان ڈیاگو میرین کور ایئر اسٹیشن کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایف۔18 ہورنٹ طیارہ کے تباہ ہونے کی تفصیلات واضح نہیں ہوسکیں۔ امریکی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ طیارہ میں صرف ایک پائلٹ تھا جس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ کیلیفورنیا کی ایک ملٹری بیس سے جاری بیان کے مطابق لڑاکا طیارہ رات 11 بجکر 54 منٹ پر بین الاضلاعی ہائی وے کے قریب سرکاری اراضی پر گر کر تباہ ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک حادثہ ہے، طیارہ میرین ایئرکرافٹ ونگ کا حصہ نہیں ہے اور وہ سان ڈیاگو میرین کور ایئر اسٹیشن کے علاوہ کسی بیس سے اڑا تھا۔
اٹلی کے شہر میلان میں 260 سال بعد گرم ترین دن
روم : اٹلی کے شمالی شہر میلان میں 1763 کے بعد گزشتہ روز گرم ترین دن تھا، اوسط درجہ حرارت 33 ڈگری سینی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ علاقائی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (اے آر پی اے) کے مطابق میلان میں گرمی کی لہر جاری ہے جو اگست کے وسط میں شروع ہوئی تھی۔ 1763 میں میلانو بریرا موسمیاتی مرکز نے درجہ حرارت ریکارڈ کرنا شروع کیا تھا۔ اے آر پی اے کا کہنا ہے کہ 23 اور 24 اگست میلان اور قرب و جوار کے علاقوں میں گرم ترین دن تھے، جہاں کئی قصبوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک گیا۔
موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ اب گرمی کی لہر ختم ہونے والی ہے اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، درجہ حرارت 10 سے 15 ڈگری تک گر جائے گا۔ میلان میں قبل ازیں 11 اگست 2003 کو درجہ حرارت 32.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو اب تک کا سب سے زیادہ تھا۔