واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کے کم از کم 11 افراد کے آئی فون کو اسرائیل میںواقع این ایس او گروپ کے پیگاسس کے ذریعہ ہیک کیا گیا تھا۔ ’دی وال اسٹریٹ جرنل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل نے یوگانڈا میں امریکی محکمہ خارجہ کے 11 ملازمین کو مطلع کیا ہے کہ ان کے آئی فون ہیک کیے گئے تھے۔میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ ’’جانچ کرنے والوں نے حملے کو ایک اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی این ایس او گروپ کے ذریعہ تیار ایک سسٹم سے جوڑا ہے، جسے بائڈن انتظامیہ کے ذریعہ بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔‘‘ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیک کیے گئے فون محکمہ خارجہ کے ای میل پتے سے جڑے تھے۔این ایس او گروپ کے ترجمان نے میڈیا رپورٹس میں کہا ہے کہ کمپنی ان رپورٹس کی جانچ کرے گی۔ این ایس او گروپ کو امریکہ میں جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے برآمدات کی ممنوعہ فہرست میں رکھا گیا ہے جو اسے امریکہ سے کسی بھی طرح کی تکنیک حاصل کرنے پر پابندی عائد کرتا ہے۔